Friday, April 19, 2024

پی ڈی ایم کے کراچی میں جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل

پی ڈی ایم کے کراچی میں جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل
October 17, 2020

کراچی (92 نیوز) پی ڈی ایم کے کراچی میں جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں ، وسیع وعریض پنڈال سج گیا ، سندھ بھر سے اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان باغ جناح میں جمع ہونگے جلسےکی کامیابی کیلئے جیالے رہنما متحرک ہو گئے ۔ سعیدغنی اور مرتضیٰ وہاب کہتےہیں پی ڈی ایم جلسوں سے حکومت کے اوسان خطا ہوگئے ، مہنگائی اوربیروزگاری لانے والی سرکار اب چند ہفتوں کی مہمان ہے۔

گیارہ جماعتی اپوزیشن اتحاد کے کراچی میں اکٹھ کی تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں ، پی ڈی ایم قیادت کراچی پہنچنا شروع ہو گئی ، مولانا فضل الرحمن شہرقائد پہنچ گئے ، مریم نواز کل دوپہر  کراچی پہنچیں گی ۔

باغ جناح میں پچاس ہزارکرسیوں اور طویلاسٹیج  کے ساتھ ساؤنڈ سسٹم بھی لگ گیا ، کراچی میں جیالوں کی نیوز کانفرنس، سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ کل کا جلسہ تاریخی ہوگا،کہتےہیں وفاقی حکومت کی صفوں میں  بوکھلاہٹ ہے،یہ حکومت چند ہفتوں کی مہمان  ہے ۔

اس موقع پر ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی منوہر لال نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، وزیراطلاعات ناصرشاہ بولے مہنگائی بیروزگاری سے پریشان حال قوم سڑکوں پر آگئی ہے ۔

مشیر قانون سندھ مرتضیٰ وہاب نے کلفٹن میں پارک کی تزئین وآرائش اور شجرکاری کا افتتاح کیا، میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کا جلسہ پی ٹی آئی حکومت کیخلاف ریفرنڈم ہوگا،پی ٹی آئی حکومت اپنی تشہیر کیلئے قوم کا پیسہ خرچ کررہی ہے ۔

وزیراعلی مراد علی شاہ نے بھی جلسہ گاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات جاری کیں جبکہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بھی دورہ کیا، پیپلز پارٹی کی رہنما پلوشہ خان باغ جناح میں  صحافیوں سے گفتگو میں بولیں اب سلیکٹڈ کو گھر جانا ہوگا۔

پیپلزپارٹی کی میزبانی میں باغ جناح جلسہ عام کے لئے پچاس ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ جلسہ گاہ کے باہر بھی اسکرینیں نصب کی گئی ہیں۔