Friday, March 29, 2024

پی ڈی ایم کے جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ جلسے کی تیاریاں جاری

پی ڈی ایم کے جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ جلسے کی تیاریاں جاری
October 15, 2020

گوجرانوالہ (92 نیوز) گوجرانوالہ کی ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی مشروت اجازت دے دی،جس کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری کردہ 28 نکاتی  ہدایات پر عمل کرنا لازم ہو گا، ادھر اجازت ملنے پر کرسیاں اور ساؤنڈ سسٹم گراؤنڈ میں پہنچادیاگیا،جناح اسٹیڈیم میں 25 سے 28 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

پی ڈی ایم کو گوجرانوالہ میں جلسہ کرنےکی مشروط اجازت مل گئی،ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے اجازت نامہ جاری کر دیا گیا،جس کے مطابق جلسے کا وقت شام 5 سے رات 11 بجے تک ہو گا۔

جلسے میں حکومت کے جاری کردہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا لازم ہو گا ،داخلے کے لیے ماسک پہننا ضروری ہو گا۔

اجازت نامہ کے مطابق جلسے میں شرکا کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ لازمی ہو گا،پارکنگ کو مناسب فاصلے پر رکھا جائے،کسی بھی مجرم کو خطاب کرنے کی اجازت ہوگی نہ عدلیہ، فوج اور آئینی اداروں کے خلاف تقریر کی اجازت ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق کسی بھی غیرقانونی اقدام پرنکات کی خلاف ورزی پر این او سی از خود منسوخ ہو جائے گا ، ادھراجازت ملنے پر پی ڈی ایم کی جانب سے جناح اسٹیڈیم میں جلسہ کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔

پی ڈی ایم انتظامیہ کی جانب سے سامان جلسہ گاہ پہنچا دیا گیاجبکہ کارکنان کا لہوگرمانے کیلئے ڈی جے بٹ کا ساؤنڈسسٹم بھی پہنچ گیا۔