Saturday, April 20, 2024

پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ میں شدید بد نظمی ، کارکنوں کی دھکم پیل

پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ میں شدید بد نظمی ، کارکنوں کی دھکم پیل
December 13, 2020

لاہور (92 نیوز) پی ڈی ایم کی جلسہ گاہ میں شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی ہے ، کورونا کے خطرات کے باوجود ایس او پیز کی دھجیاں اڑادی گئیں، دہشت گردی کے انتباہ پر بھی موثر سکیورٹی انتظامات نہ کئے جاسکے۔

کورونا وائرس اور دہشت گردی کے خطرات کے باوجود پی ڈی ایم  کے مینار پاکستان پر جلسہ میں شدید بد نظمی دیکھی گئی ،  کارکنوں نے ماسک پہنے نہ ہی سماجی فاصلے کا خیال رکھا، دھکم پیل  کی ،اسٹیج پر جانے کیلئے کارکنوں نے زبردستی گیٹ کھول دیئے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز جلسہ گاہ پہنچیں تو کارکنوں نے مرکزی گیٹ توڑ دیا، اس موقع پر شدید بدنظمی دکھائی دی، دہشت گردی کے خطرات کے باوجود جلسہ گاہ میں سکیورٹی کے موثر انتظامات موجود نہیں تھے۔

جلسہ گاہ کو بھرنے کیلئے ملک بھر سے قافلوں کی صورت میں کارکنوں کو لایا گیا، پشاور سے آنے والے قافلے میں پانچ گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، فیصل آباد میں ڈپٹی والا انٹرچینج پر پولیس نے بیریئر لگائے تاہم ن لیگی کارکنوں نے زبردستی ہٹادیئے، ایم پی اے حامد رشید اور ن لیگ رہنما رانا احسان افضل کی زیرقیادت قافلے میں شریک کارکنوں نے پولیس کو دھکے بھی دیئے۔

ایاز صادق کی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم رہنماؤں کا اجلاس ہوا تاہم میزبان مہمانوں کو چھوڑ کر خود ریلی میں شریک ہوگئے، بلاول بھٹو کا قافلہ بھی رنگ روڈ پر قانون کی خلاف ورزی کرتا رہا، موٹرسائیکل سوار رنگ روڈ پر ون ویلنگ کرتے رہے۔