Wednesday, May 8, 2024

پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس چار فروری کو اسلام آباد میں طلب

پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس چار فروری کو اسلام آباد میں طلب
February 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس چار فروری کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اجلاس مسلم لیگ نون کے اسلام آباد سیکرٹریٹ میں ہو گا۔

 ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینیٹ الیکشن، احتجاجی تحریک اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہو گا۔ بلاول بھٹو نے بھی سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دیں۔ کراچی سے اسلام آباد روانہ ہو گئے۔ اجلاس میں استعفوں کا معاملہ زیر غور آئے گا۔ اجلاس میں حکومت مخالف مہم تیز کرنے سے متعلق غور کیا جائے گا۔

 گزشتہ روز مولانا فضل الرحمٰن کا نوازشریف اور آصف زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس میں پی ڈی ایم کے آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف سینیٹ انتخابات کے بعد لانگ مارچ کے حامی ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری مُصر ہیں کہ تحریک عدم اعتماد کا قانونی آپشن ہی بہترین حکمت عملی ہے۔ نوازشریف اور آصف زرداری کی الگ الگ ترجیحات کی وجہ سے مولانا فضل الرحمٰن چوراہے کے درمیان آگئے ہیں۔