Saturday, April 27, 2024

پی ڈی ایم کا 29 اگست کو کراچی میں جلسے کا ایک بار پھر اعلان

پی ڈی ایم کا 29 اگست کو کراچی میں جلسے کا ایک بار پھر اعلان
August 21, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا 29 اگست کو کراچی میں جلسے کا ایک بار پھر اعلان کردیا۔ اٹھائیس اگست کو سربراہ اجلاس میں جلسوں کا شیڈول رکھا جائے گا۔

اسٹیئرنگ کمیٹی اجلاس کے بعد شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، ملکی معاملات کو آئینی حدود میں چلایا جائے، موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی واحد وجہ دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن کی چوری ہے، نام نہاد انتخابی اصلاحات آئین سے متصادم، مشین الیکشن چوری کیلئے ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے میثاق پاکستان کی تشکیل کیلئے کمیٹی قائم کردی۔

پی ڈی ایم نے حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کردیا۔ شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا، وائٹ پیپر میں حکومت کی کرپشن اور ناکامیوں کا ذکر کیا جائے گا۔

پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں مولانا عبدالغفور حیدری، حافظ حمد اللہ، سکندر شیرپاؤ سمیت دیگر رہنماء شریک ہوئے۔