Tuesday, April 23, 2024

پی ڈی ایم والے وہ لوگ ہیں جو ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑنے کی جعلی نورا کشتی کرتے تھے ، شہبازگل

پی ڈی ایم والے وہ لوگ ہیں جو ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑنے کی جعلی نورا کشتی کرتے تھے ، شہبازگل
December 13, 2020

اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی سیاسی روابط شہبازگل نے کہا پی ڈی ایم والے وہ لوگ ہیں جو ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑنے کی جعلی نورا کشتی کرتے تھے۔

شہبازگل نے پی ڈی ایم کے جلسے پر تنقید کرتے ہوئے کہا بےچاروں کے پاس سلوگن بھی جعلی اور پی ٹی آئی کا چوری شدہ ہے۔ مینارپاکستان پر ابو اور کرپشن بچاؤ اجتماع کرنے والے عوام کو بتا رہے ہیں کہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن گھڑی آچکی ہے۔

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا ایک دہائی قبل پی ٹی آئی نے اسی نعرے کے ساتھ اسی مقام پر تنہا جلسہ کیا ۔ آج عمران خان کے ڈر سے ایک دوسرے کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ عوام آپ کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں۔ اپنا جھوٹا رونا ضرور روئیں لیکن پاکستان اور سلامتی اداروں کے خلاف مودی کی زبان بولی تو آپ کا انجام برا ہو گا۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے لاہور کے جلسے کیلئے کراچی سے لوگ لے جائے جارہے ہیں۔ یہ جلسہ لاہور میں کورونا کے پھیلاؤ کا باعث بنے گا۔ گریٹر اقبال پارک میں علی بابا 11 چوروں کا جلسہ ہونے جارہا ہے۔ پارک کا صرف 35 فیصد حصہ 11 جماعتوں نے مل کر گھیرا ہے۔ اپوزیشن کورونا پھیلاؤ موومنٹ بن گئی ہے ۔ حکومت نے اجازت نہیں دی، یہ زبردستی جلسہ کررہے ہیں۔

وزیرجیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پی ڈی ایم کو پچاس ہزار کرسیاں لگا کر بھرنے کا چیلنج دے دیا۔ انہوں نے کہا اپوزیشن اقبال پارک میں پچاس ہزار کرسیاں بھر دے تو سیاست کو اسی وقت خیرباد کہہ دوں گا۔ دوسری صورت میں مکس اچار پارٹی ناٹک بند کرے اور اپنے اپنے ابا جی کی کرپشن کا حساب دے۔ مزید بولے کورونا لہر اور نیکٹا کےتھریٹ الرٹ کے باوجود پی ڈی ایم جلسہ عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگانے کے مترادف ہے۔ پی ڈی ایم نے پارک میں دس فٹ کے فاصلے پر کرسیاں لگائی گئی ہیں جو کسی بھی طرح 7 ہزار سے زائد نہیں ہو سکتیں۔ پی ڈی ایم سات ہزار کرسیوں سے کون سا انقلاب، تبدیلی اور حکومت بنانے چلی ہے۔ جلسے کی ترتیب اور کرسیوں کی تعداد نے جلسے سے پہلے ہی پی ڈی ایم کی ناکامی پر مہر ثبت کر دی ہے۔