Friday, May 17, 2024

پی ڈی ایم میں دراڑیں، اسٹیئرنگ کمیٹی 11 اکتوبر کو جلسہ پر بضد

پی ڈی ایم میں دراڑیں، اسٹیئرنگ کمیٹی 11 اکتوبر کو جلسہ پر بضد
October 5, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) پی ڈی ایم میں ابھی سے دراڑیں پڑنا شروع ہوگئیں۔ اسٹیئرنگ کمیٹی 11 اکتوبر کو جلسہ کرنے پر بضد ہے۔ جے یو آئی ف اور پی کے میپ نے احتجاجی جلسے 18 اکتوبر تک ملتوی کردئیے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پہلا اختلاف کھل کر سامنے آگیا۔ ذرائع کے مطابق اختلاف کوئٹہ کے جلسے کی تاریخ پر ہوا۔ پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے جلسہ 11 اکتوبر کو کرنے کا اعلان کیا تھا، جبکہ جے یو آئی اور پی کے میپ نے اپنے طور پر جلسہ 18 اکتوبر تک ملتوی کردیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کو پی ڈی ایم کے تنظیمی ڈھانچے سمیت 18 اکتوبر کی تاریخ پر بھی شدید تحفظات ہیں۔ پیپلزپارٹی 18 اکتوبرکو یوم شہدائے کارساز مناتی ہے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے یومِ شہدائے کارساز پر کراچی میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف کا کہنا ہے کہ جلسے کی تاریخ میں تبدیلی بدنیتی نہیں سب کی سہولت کیلئے تبدیل کی گئی ہے۔ اپوزیشن اتحاد قومی مفاد میں ہے، اسے ہر قیمت بچایا اور آگے بڑھایا جائے گا۔ اُمید ہے دیگرمسائل کی طرح یہ معاملہ بھی آج اسٹیرنگ کمیٹی میں حل کرلیا جائے گا۔