Friday, May 10, 2024

پی ڈی ایم میں استعفوں کے معاملے پر اختلافات بڑھ گئے

پی ڈی ایم میں استعفوں کے معاملے پر اختلافات بڑھ گئے
December 7, 2020

لاہور (92 نیوز) لاہور میں جلسے سے قبل ہی پی ڈی ایم جماعتوں میں دراڑیں واضح ہوتی نظر آرہی ہیں، پی ڈی ایم میں استعفوں کے معاملے پر اختلافات بڑھ گئے۔ ن لیگ کا استعفے دینے پر زور جبکہ پیپلزپارٹی متفق نہیں، دوسری طرف مریم نواز عوام رابطہ مہم پر عدم اطمینان کا اظہار کرتی نظر آ رہی ہیں۔

مینار پاکستان جلسہ اپوزیشن کیلئے بڑا امتحان بن گیا، ایک طرف پی ڈی ایم جماعتوں میں دراڑیں واضح ہوتی نظر آ رہی ہیں کیونکہ ن لیگ استعفے دینے پر زور دے رہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی اس سے متفق نہیں، پیپلزپارٹی نے مولانا فضل الرحمٰن، ن لیگ اور دیگر جماعتوں پر زور دیا ہے کہ استعفوں کی صرف دھمکی دی جائے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز کو معلوم ہوچکا ہے کہ ان کے ارکان اسمبلی استعفے نہیں دیں گے، اُنہوں نے استعفوں کی بات پوائنٹ اسکورنگ کیلئے کی، مولانا فضل الرحمٰن اصرار کر رہے ہیں آخری پتہ کھیل دیا جائے تاہم مریم نواز کے سوا دیگر رہنماؤں نے اس سے انکار کیا ہے، پیپلزپارٹی لانگ مارچ کی تجویز سے بھی متفق نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے پیپلزپارٹی کی طرف سے تجویز دی گئی ہے کہ ارکان اسمبلی کے استعفے پاس رکھ لیے جائیں، اسپیکر کو جمع نہ کرائے جائیں، استعفوں کے باوجود معاملات کہیں اور چلے گئے تو اپوزیشن کئی سال پیچھے چلی جائے گی کیونکہ اس سے قبل پیپلزپارٹی کے اہم اجلاس میں بھی استعفے نہ دینے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔

دوسری طرف مینار پاکستان کا جلسہ مسلم لیگ ن کے لئے چیلنج بن گیا ہے، مریم نواز نے لاہور قیادت اور ارکان اسمبلی کی عوام رابطہ مہم پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا اورخود سیاسی میدان میں اتر پڑی ہیں تاکہ جلسہ کامیاب بنایا جا سکے۔