Friday, April 26, 2024

پی ڈی ایم جلسہ، عبدالمالک بلوچ ناراض، ثمینہ خالد گھرکی واپس چلی گئیں

پی ڈی ایم جلسہ، عبدالمالک بلوچ ناراض، ثمینہ خالد گھرکی  واپس چلی گئیں
December 13, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پی ڈی ایم جلسہ کے دوران اختلافات بھی سامنے آگئے، جے یو آئی کے رضاروں نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ کو اسٹیج پر جانے سے روک دیا جس پر وہ ناراض ہوگئے، ثمینہ خالد گھرکی بھی ناراض ہوکر واپس چلی گئیں۔

لاہور میں پی ڈی ایم کا جلسہ بہت سے اختلافات بھی سامنے لے آیا ،  عبدالمالک بلوچ کو رضاکاروں نے اسٹیج پر جانے سے روک دیا، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان رضاکاروں کے رویئے پر ناراض ہوکر واپس جانے لگے تو رضاکاروں نے معافی مانگ لی، عبدالمالک بلوچ نے اسٹیج پر جانے سے انکار کردیا اور کہا اب تقاریر نیچے کھڑا ہوکر سنوں گا۔

پیپلزپارٹی کی رہنما ثمینہ خالد گھرکی بھی بدنظمی کے باعث ناراض ہوکر واپس چلی گئیں، ثمینہ خالد گھرکی نے کہا اسٹیج پر انتہائی بدتمیزی اور بدنظمی ہے، کسی نے پنڈال میں بھی نہ جانے دیا، بلاول بھٹو مصروف ہیں اس لئے ناراضی ظاہر نہیں کر سکتی، ہماری جماعت پی ڈی ایم کا حصہ ہے جس کے باعث کوئی لفظ نہیں بول سکتی۔

جے یو آئی کے رضاکاروں نے لیگی ایم این اے ملک ریاض کو جلسہ گاہ آنے سے روک دیا، رانا ثناءاللہ کو بھی آنے سے روکا گیا تاہم منت سماجت کرنے کے بعد داخلے کی اجازت ملی ۔ تاہم رانا ثناءاللہ صفائیاں دیتے رہے۔

پی ڈی ایم جلسے کے موقع پر آزادی فلائی اوور کے اطراف شدید ٹریفک جام ہوگیا، ایمبولینس بھی ٹریفک جام میں پھنس گئی، پی ڈی ایم کارکنوں نے ایمبولینس کو بھی راستہ دینا گوارا نہ کیا، شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔