Friday, April 26, 2024

پی ڈی ایم اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج

پی ڈی ایم اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کا مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج
October 22, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پی ڈی ایم اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنوں نےقیادت کی کال پر مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاج کیا اور جگہ جگہ ریلیاں نکالیں۔

لاہور میں جین مندر چوک پر ن لیگی کارکنوں نے میدان سجایا، شیخوپورہ، بہاولپور، وہاڑی، مظفرگڑھ، سرگودھا اور دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کئے، مری، کوٹ مومن، قصور، فیروزوالہ، چنیوٹ اور پنڈی گھیپ میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

کراچی میں پی ڈی ایم نے ایمپریس مارکیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھارکھے تھے جن پر حکومت مخالف نعرے درج تھے۔ کارکن ہوشربا مہنگائی پر حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔  

گوجرانوالہ اور دریا خان میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے احتجاج کیا، پشاور میں جماعت اسلامی، اے این پی اور جمہوری وطن پارٹی نے مظاہرے کئے، مظاہرین نے حکومت کو عوام مخالف قراردیدیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مہنگائی سے ہر شہری کی کمر ٹوٹ چکی، حکومت کو مزید وقت دینا مزید مہنگائی اور بیروزگاری ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مقدر جیل ہے، مہنگائی سے مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔