Thursday, May 2, 2024

پی ڈی ایم اتحاد پاکستان کے امن کو تباہ کر رہا ہے، فردوس عاشق اعوان

پی ڈی ایم اتحاد پاکستان کے امن کو تباہ کر رہا ہے، فردوس عاشق اعوان
December 15, 2020

لاہور (92 نیوز) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے پی ڈی ایم اتحاد پاکستان کے امن کو تباہ کر رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا دورانِ پریس کانفرنس کہنا تھا کہ لاہور کا جلسہ کامیاب ہوتا تو مریم کو اپنے ایم این ایز کی کلاس نہ لینی پڑتی۔ استعفے دینے کیلئے ہمت چاہئے جو آپ میں نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بار بار کہا ہم آپ کو روکیں گے نہیں، لیکن جس نے قانون کی خلاف کی قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ لاچار ٹولے سے ہماری کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔ پی ڈی ایم کی اُکھڑی سانسوں والا رہزنوں کا ٹولہ نکلا ہوا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے کہا تھا قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں گے۔ انتظامیہ نے جلسے کی اجازت کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ اُنہوں نے مینار پاکستان کے گیٹ کا دروازہ توڑ کر جھنڈے کو لہرانے کی کوشش کی۔

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب بولیں کہ جو کل ہُوا آپ سب کے سامنے ہے، واقعی کامیاب جلسہ تھا تو مریم نواز کو چھڑی لیکر احتساب کرنے کی ضرورت پیش نہیں آنی چاہیے تھی۔ اجازت نہ ملنے کے باوجود مینار پاکستان پر جلسہ کیا گیا۔ جنہوں نے قانون کو گھر کی لونڈی بنایا ہوا تھا اِنہیں قانون کے تابع آنا نا گوار گزر رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان بدل چکا ہے، ادارے با اختیار ہوچکے ہیں، پنجاب آپ کی غلامی کے طوق گلے سے اتار کر پھینک چکا ہے، پاکستان ڈسٹرائے موومنٹ پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔ استعفے دینے کیلئے جرأت چاہیے، جہاں جرأت دکھانے کی باری آتی ہے وہاں یا جدہ یا لندن ہجرت ہو جاتی ہے۔ جب کھڑے ہونے کے قیام کا وقت آتا ہے آپ سجدوں میں گرے ہوتے ہیں۔ حکومت آپ کی دھمکیوں سے بلیک میل نہیں ہوگی۔

فردوس عاشق نے کہا کہ ن لیگ کو بل کی شکل میں ایک کروڑ 27 لاکھ روپے کا نوٹس بھیجا ہے، 3 ایف آئی آر کا ذکر ہو رہا ہے اِن میں کوئی ذاتی عناد نہیں ہے۔ ان کا مقصد پنجاب کو ٹارگٹ نہیں وفاق کو کرنا ہے۔ اِن کے بچنے کا واحد طریقہ عدالتیں ہیں۔ ہم نے قانون کی بالا دستی کو یقینی بنانا ہے۔ اُنہوں نے جرم سرزد کیا ہے تو نہیں سزا ملنی چاہیے؟۔ اب یہ جاتی امراء سے نکلا کریں گی، لاہور کا نام بھی نہیں لیا کریں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ بلاول کو بھی اندازہ ہوگیا کہ انہوں نے توغلطی کی، صدر کو بائی پاس کرکے نائب صدر سے پینگیں بڑھانا خطرے سے خالی نہیں ہوتا۔

صوبائی وزیر یاسر ہمایوں نے محموداچکزئی کو جواب دیتے ہوئے کہا پنجاب نے ہمیشہ سب کو کھلے دل سے قبول کیا، داتا کی نگری میں کوئی بھوکا نہیں سوتا۔