Wednesday, April 24, 2024

پی پی 7 ٹیکسلا ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی اور نون لیگ میں سخت مقابلہ جاری

پی پی 7 ٹیکسلا ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی اور نون لیگ میں سخت مقابلہ جاری
September 26, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پی پی 7 ٹیکسلا میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے۔ ن لیگ اور پی ٹی آئی میں سخت مقابلے کی توقع۔ حلقے کے اکیس پولنگ سٹیشنوں کو حساس ترین جبکہ 38 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی پی 7 ٹیکسلا میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا آغاز صبح 8بجے ہوا جو بغیر کسی وقفہ کے شام 5بجے تک جاری رہے گی۔ سکیورٹی کیلئے دو ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ مذکورہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے ممبر صوبائی اسمبلی محمد صدیق خان کی وفات سے خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) کے عمر فاروق، پی ٹی آئی کے عمار صدیق خان اور پیپلز پارٹی کے چودھری کامران اسلم کے علاوہ دو آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ حلقے میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 78ہزار 974 ہے۔ عام انتخابات میں اس حلقے میں ٹرن آﺅٹ 65 فیصد رہا تھا۔ کانٹے دار مقابلے میں پی ٹی آئی کے صدیق خان 48 ہزار 840 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے۔ دوسرے نمبر پر آنے والے ن لیگ کے حاجی عمر فاروق نے 47ہزار 666 ووٹ حاصل کیے تھے۔ پی پی 14ہزار 529 ووٹ لے سکی تھی۔ مسلم لیگ کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کو اسی حلقے کی قومی اسمبلی کی نشست پر پی ٹی آئی کے غلام سرور خان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔