Friday, March 29, 2024

پی پی 168 کے ضمنی معرکے میں پی ٹی آئی کے ملک اسد کھوکھر 687 ووٹوں سے کامیاب

پی پی 168 کے ضمنی معرکے میں پی ٹی آئی کے ملک اسد کھوکھر 687 ووٹوں سے کامیاب
December 13, 2018
لاہور (92 نیوز) پی ٹی آئی نے خواجہ سعدرفیق کی جیتی نشست پر مسلم لیگ ن کو دھول چٹا دی۔ چھ سوستاسی ووٹوں کی برتری سے کامیابی کا سحرا پی ٹی آئی کے ملک اسد کے سر پر سج گیا۔ لاہور کے شہریوں نے کپتان کی سو روزہ پالیسیوں پر منظوری کی مہر لگا دی۔ پی ٹی آئی نے ضمنی معرکے میں لاہور میں مسلم لیگ ن کی جیتی پی پی ایک سو اڑسٹھ کی نشست اپنے نام کر لی۔ تراسی پولنگ اسٹیشن کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک اسد کھوکھر نے سترہ ہزار پانچ سو اناسی ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ مسلم لیگ ن کے رانا خالد قادری سولہ ہزار آٹھ سو بانوے ووٹ لے سکے۔ پی ٹی آئی کی ن لیگ پر برتری چھ سوستاسی ووٹ رہی۔ حلقہ میں ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ چھبیس ہزار نو سو بارہ تھی، پولنگ اسٹیشنز کی مجموعی تعداد تراسی تھی۔ الیکشن کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے خواجہ سعدرفیق نے پی پی ایک سو اڑسٹھ کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار کو پی ٹی آئی محمد فیاض بھٹی بیس ہزار ووٹوں کی برتری سے ہرایا تھا۔ پی پی ایک سو اڑسٹھ میں  پی ٹی آئی کے اسد علی کھوکھرکی جیت پر کپتان کے کھلاڑی پھولے نہ سمائے۔ جیت کا نتیجہ آنے پر پی ٹی آئی کے کارکن نعرے لگاتے جشن مناتے رہے۔ جیت کے بعد پی ٹی آئی کے ملک اسد علی کھوکھر نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ موقع دینے پرعمران خان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کا عزم ظاہر کیا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کا کہنا تھا کہ انہیں وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں پر اعتماد ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کی، گھوڑے کا رقص پیش کیا گیا، آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔