Monday, May 20, 2024

پی ٹی وی حملہ اور ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی

پی ٹی وی حملہ اور ایس ایس پی تشدد کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی
October 6, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) سرکاری ٹی وی پر حملہ اور ایس ایس پی پرتشدد کےمعاملے پر انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات طلب کر لیں۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کیس کی سماعت کی۔ اشتہاری ملزمان عمران خان اور طاہر القادری پیش نہ ہوئے۔ عدالتی حکم پر پولیس نے عمران خان اور طاہر القادری کی جائیدادوں کا ریکارڈ پیش نہیں کیا۔
انسپکٹر لیگل انیس اکبرکا کہنا تھا کہ ایس ایس پی عصمت اللہ ملک سے باہر ہیں۔ اگلی پیشی میں آئیں گے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے میں پولیس ناکام ہو چکی ہے۔ آئی جی پولیس اور چیف کمشنر اگلی سماعت پر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات جمع کرائیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ اداروں کے ذریعے سیاست کرنے والے قوم کے ساتھ مذاق کر رہے ہیں۔
دانیال عزیز نے یہ بھی کہا کہ نوازشریف نے عدالت میں پیش ہو کر قانون کی پاسداری کی۔ پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں کےخلاف کارروائی ہونی چاہئے۔