Friday, April 26, 2024

پی ٹی وی انتظامیہ کی غلط اعداد و شمار بتا کر پی ٹی وی فیس بڑھانے کی چالاکی پکڑی گئی

پی ٹی وی انتظامیہ کی غلط اعداد و شمار بتا کر پی ٹی وی فیس بڑھانے کی چالاکی پکڑی گئی
July 27, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پی ٹی وی انتظامیہ کی چالاکی پکڑی گئی۔ سمری میں غلط اعداد و شمار بتا کر پی ٹی وی فیس بڑھانے کی کوشش کی گئی۔ پنشن کی مد میں سالانہ 2 ارب کے اخراجات کو بڑھا کر 14 ارب روپے بتایا۔ پی ٹی وی فیس پینتیس روپے سے بڑھا کر سو روپے کرانے کے لیے پاکستان ٹیلی ویژن انتظامیہ نے وزیراعظم اور کابینہ کو گمراہ کرنے کے لیے غلط اعداد شمار پیش کیے۔ نائنٹی ٹو نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق پی ٹی وی انتظامیہ نے پینشن کی مد میں جھوٹ بولا اور سمری میں یہ بتایا کہ پی ٹی وی اپنے سابقہ ملازمین کو سالانہ چودہ ارب روپے پینشن دیتا ہے جبکہ سالانہ پینشن حقیقت میں صرف دو ارب روپے ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کچھ وزراء نے پی ٹی وی کے اعداد و شمار پر شکوک کا اظہار کیا جس کے بعد یہ فیصلہ ہوا کہ کابینہ کے آئندہ اجلاس میں اسی سمری پر تفصیلی بات چیت ہو گی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پہلی سمری میں وزیر اطلاعات شبلی فراز کا نوٹ شامل نہیں کیا گیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ فیس بڑھانے کے سیاسی اثرات ہوں گے اور پی ٹی وی انتظامیہ ریوینیو بڑھانے کا منصوبہ پیش نہیں کر رہی۔ بعد میں وزیر اطلاعات کے نوٹ کے بغیر نئی سمری کابینہ کو ارسال کی گئی۔ 21 جولائی کو وفاقی کابینہ کے ہونے والے اجلاس میں سمری سرکولیشن کے ذریعے پی ٹی وی فیس میں اضافہ کے فیصلہ پر عملدرآمد روکوا دیا تھا اور کل اس معاملہ پر تفصیلی غور کئے جانے کا امکان ہے۔