Thursday, March 28, 2024

پی ٹی آئی کا کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن پر مزاحمت کا اعلان

پی ٹی آئی کا کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن پر مزاحمت کا اعلان
February 15, 2020
کراچی ( 92 نیوز) پی ٹی آئی نے کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مزاحمت کا اعلان کردیا ، فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کوئی رہائشی عمارت گرانے کی کوشش کی گئی تو ارکان سندھ اسمبلی رکاوٹ بن جائینگے ، غیرقانونی تعمیرات کے ذمہ داروں کو پہلے لٹکایا جائے پھر عمارت گرائی جائے۔ عدالت عظمیٰ کے احکامات پر کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا گیا، سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے بھی رہائشی عمارتوں کو گرایاجارہاہے ، سندھ حکومت اور وزارت ریلوے انسداد تجاوزات کے لیے ایک پیج پر آئے تو اب پی ٹی آئی رکاوٹ بن گئی ۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں سرکلر ریلوے کی بحالی اور غیرقانونی تعمیرات گرانے کے معاملے پر غور کیاگیا ، فیصلہ ہوا کہ اگر کراچی میں کوئی رہائشی عمارت گرانے کی کوشش کی گئی تو پی ٹی آئی ارکان اسمبلی  مزاحمت کرینگے۔ اپوزیشن لیڈر کا کہناہے کہ پولیس لینڈ مافیا کے بارے میں سب جانتی ہے ایس بی سی اے انسپکٹرز سے لیکر اوپر تک غیرقانونی تعمیرات کے ذمہ دارہیں ۔ کمشنر کراچی کی زیر صدارت بھی سرکلر ریلوے بحالی پر جائزہ اجلاس ہوا ٹریک کو خالی کرانے اور متبادل انتظام تک کوئی رہائشی عمارت نہ گرانے پر اتفاق ہوا، دو روز تک کراچی میں تجاوزات کو مسمار کرنے اور سرکلر ٹرین کا ٹریک خالی کرانے کے لئے شروع کیا گیا آپریشن اب سست روی کا شکار ہے۔