Friday, March 29, 2024

پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کا فیصل واوڈا کی سینیٹ الیکشن ٹکٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی پارلیمانی بورڈ کا فیصل واوڈا کی سینیٹ الیکشن ٹکٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ
February 16, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ نے فیصل واوڈا سے متعلق کارکنان کے اعتراضات مستردکر دیئے اور وفاقی وزیر کو دیاگیا ٹکٹ برقراررکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کی پارٹی کے لیے خدمات ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چاروں صوبوں میں تقسیم ٹکٹوں پر نظرثانی کی گئی، اجلاس میں ٹکٹ حاصل کرنے والے ارکان پر اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔

پارلیمانی بورڈ نے فیصل واوڈا کو دیاگیا ٹکٹ برقراررکھنے کافیصلہ کیا ہے اورسندھ میں فیصل واوڈا سے متعلق کارکنان کے اعتراضات مستردکر دیئے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کی پارٹی کیلئے خدمات ہیں، وزیراعظم نے سندھ کی تنظیم کو آج شام ویڈیو لنک پر اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا، پارلیمانی بورڈ نے خیبرپختونخوا سے لیاقت ترکئی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔