Tuesday, April 23, 2024

پی ٹی آئی جھنڈے کے رنگ میں صحت کارڈ کی تشہیری مہم سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار

پی ٹی آئی جھنڈے کے رنگ میں صحت کارڈ کی تشہیری مہم سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی قرار
July 21, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی جھنڈے کےرنگ میں صحت کارڈ کی تشہیری مہم سپریم کورٹ کےفیصلے کیخلاف ورزی قرار دیدی۔

پی ٹی آئی جھنڈے کے رنگ میں صحت کارڈ کی تشہیری مہم کے خلاف ن لیگ کی درخواست پر  اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی اور بادی النظر میں حکومت کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دے دیا ۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ قومی خزانے سے کی جانے والی تشہیری مہم پر اپنی خود نمائی کیلئے تصویریں،فلیگ،  دوسرا مواد بنانا غیر قانونی ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ حکومت کو اس پریکٹس سے روک دیا جائے ، اور کیوں نہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی شروع کی جائے۔

عدالت نے وزارت اطلاعات کے نمائندے کو طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔