Monday, September 16, 2024

پی ٹی آئی کے کسی بھی نیب زدہ رکن اسمبلی کو وزارت نہیں ملے گی، ذرائع

پی ٹی آئی کے کسی بھی نیب زدہ رکن اسمبلی کو وزارت نہیں ملے گی، ذرائع
July 27, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) کپتان نے وفاق اور صوبوں میں حکومت کی تشکیل کے لیے  ضابطہ اخلاق طے کر دیا۔ ذرئع کے مطابق تحریک انصاف کے کسی بھی نیب زدہ رکن اسمبلی کو وزارت نہیں ملے گی۔ صاف چلی شفاف چلی ، تحریک انصاف چلی ،یہ صرف نعرہ نہیں ،کپتان کے اصولوں کی عکاسی ہے۔ پاکستان کے متوقع وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ بھی صاف اور شفاف ہو گی۔ وفاق ،خیبر پختونخوا ،پنجاب  کے ساتھ بلوچستان میں بھی تحریک انصاف کی حکومت بننے کی صورت میں کابینہ اراکین کے لیے ضابطہ اخلاق طے کر لیا گیا۔ عمران خان نہیں چاہتے کہ پی ٹی آئی کے وزرا پرکوئی انگلی اٹھائے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی اجلاس میں  چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن یا نیب زدہ کوئی بھی رکن اسمبلی کابینہ کا رکن نہیں بن سکتا۔ وزیر بننے کے لیے خود کو کلیئر کرانا ہو گا۔ کپتان کے دوٹوک فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے تین رہنما پریشان ہیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کی وزارت اعلیٰ کی دوڑ میں شامل ایک رہنما اور وفاق میں اہم ذمہ داریاں لینے کی کوششیں کرنے والے   دو رہنماؤں نےعمران خان کو قائل کرنے کی کوشش بھی کی۔ کپتان نے  کمپرومائز سے انکار کرتے ہوئے  واضح کر دیا کہ جو کہا ہے کر کے دکھانا ہے اور اس کے لیے اپنی ذات کی نفی کرنا ہو گی۔