Tuesday, April 23, 2024

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اثاثے چھپانے پر نااہل‘ دوبارہ الیکشن کا حکم

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اثاثے چھپانے پر نااہل‘ دوبارہ الیکشن کا حکم
May 25, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے رکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز کو اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دے کر این اے ایک سو باسٹھ ساہیوال میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے منتخب رکن قومی اسمبلی رائے حسن نواز کی اپیل پر سماعت کی۔ رائے حسن نواز پر ان کے مخالف آزاد امیدوار محمد یعقوب نے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثے چھپائے ہیں جس پر انہیں آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔ رائے حسن نواز کو الیکشن ٹربیونل نے حقائق چھپانے پر نااہل قرار دیا تھا جس کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ کا رخ کیا تھا۔ اپنے دلائل میں رائے حسن نواز کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل نے 25 کروڑ کے اثاثے ظاہر کیے تاہم صرف چند لاکھ کی 22 کنال اراضی ظاہر نہیں کی، اس میں کوئی قباحت نہیں ہونا چاہیے۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانا رائے حسن نواز کو نااہل قرار دینے کے لیے کافی ہے۔ حلقہ 162 میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں جس کے لیے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔