Saturday, May 4, 2024

پی ٹی آئی کے جلسے میں خواتین سے بدتمیزی کا معاملہ سیاست کی نذر

پی ٹی آئی کے جلسے میں خواتین سے بدتمیزی کا معاملہ سیاست کی نذر
May 3, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور کے جلسے میں خواتین سے بدتمیزی کے معاملے پر پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) آمنے سامنے آ گئی ہیں۔ تحریک انصاف نے حکمران جماعت کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست دے دی لیکن دونوں جماعتیں اس اہم معاملے پر بھی سنجیدگی دکھانے کی بجائے سیاست کر رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مال روڈ کے جلسے میں خواتین سے بدتمیزی کے معاملے پر ن لیگ اور پی ٹی آئی میں بظاہر تو میچ پڑ گیا ہے لیکن لگتا یہی ہے کہ دونوں جماعتیں اس نازک ایشو پر بھی سیاست سیاست ہی کھیل رہی ہیں اور سنجیدگی دکھانے کی بجائے ایک دوسرے پر الزامات کی ڈرامے بازی کی جا رہی ہے۔ ایک روز پہلے ن لیگ کی رہنما انوشہ رحمان اس معاملے کو لے کر تحریک انصاف پر خوب گرجی برسیں جس پر آج پی ٹی آئی کو بھی جوش آ گیا اور مقدمہ درج کرانے تھانے پہنچ گئیں۔ خاتون رہنما نے حکومت پر جوابی گولے داغ ڈالے لیکن جناب حکومت کہاں پیچھے رہنے والی تھی۔ ن لیگ کی عظمیٰ بخاری میدان میں آ گئیں اور تحریک انصاف کو کھری کھری سنا دیں۔ تحریک انصاف پر وار ہوا تو لاہورکی پوری ویمن ونگ نے نیوزکانفرنس کر ڈالی۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ ملک کی دونوں بڑی جماعتوں کی خواتین رہنما اس اہم مسئلے پر قدم سے قدم ملا کر چلتیں۔ سیاست کو الگ رکھ کے وہ اپنی جیسی حوا کی بیٹیوں کی آواز بن جاتیں۔ افسوس ناک واقعہ کا مقدمہ اکٹھے درج کرایا جاتا اور متاثرہ خاتون کے گھر جاکر اس کی دلجوئی کی جاتی لیکن افسوس پی ٹی آئی اورن لیگ یہاں بھی سیاست کرنے سے باز نہ آئیں۔