Friday, May 3, 2024

پی ٹی آئی کے ایم پی اے جمشید کاکا خیل کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

پی ٹی آئی کے ایم پی اے جمشید کاکا خیل کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے
June 3, 2020

پشاور ( 92 نیوز)خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی  کے ایم پی اے اور سابق صوبائی وزیر ایکسائز میاں جمشید کاکا خیل کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے وار جاری ہیں ، نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی میاں جمشید کاکا خیل کورونا وائرس کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے۔ میاں جمشید گزشتہ دو ہفتوں سے علیل اور اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

میاں جمشید کا 27 مئی کو کورونا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا،میاں جمشید الدین گزشتہ انتخابات میں نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔ اس قبل 2013 میں بھی وہ ایم پی اے منتخب ہونے کے بعد اس وقت کے وزیراعلٰی پرویزخٹک کی کابینہ میں صوبائی وزیر ایکسائز رہے۔

میاں جمشید کاکاخیل کی نمازجنازہ آج شام زیارت کاکاصاحب نوشہرہ میں ادا کی جائے گی، وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے میاں جمشید کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلٰی خیبرپختونخوا محمود خان نے کورونا سے متاثرہ رکن صوبائی اسمبلی میاں جمشید کاکاخیل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار  کیا ، وزیراعلٰی کی مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

ادھر  کورونا نے سندھ کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ کی جان لے لی، فقیرمحمد گوٹھ گڈاپ میں نمازجنازہ کے بعد سپردخاک کر دیے گئے ۔

پی پی رہنما مولا بخش چانڈیو بھی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد گھر میں آئسولیٹ ہوگئے ہیں  ۔