Thursday, April 25, 2024

پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی

پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی
May 26, 2016
اسلام آباد(92نیوز)نائینٹی ٹو نیوز تحریک انصاف کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے لے آیا ، پارٹی رہنماوں میں  انٹرا پارٹی انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے پر اتفاق ہوگیا،پارٹی رہنماوں نے تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے پارٹی کا عبوری سیٹ اپ بنانے کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کےمطابق پی ٹی آئی کی قیادت کا اہم اجلاس عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہوا ، اجلاس میں پارٹی رہنماوں نے کپتان کو مشورہ دیا کہ حکومت مخالف تحریک کو کامیاب بنانا ہے تو انٹرا پارٹی انتخابات غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیئے جائیں اور پارٹی کا عبوری سیٹ اپ بنایا جائے، اکثریت کی رائے سامنے آنے پر پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی انتخابات ملتوی کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے تاہم حتمی فیصلے کے لیے عمران خان نے 3 جون کو دوبارہ پارٹی اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی میں کردا رادا کرنے کے ساتھ احتجاج بھی جاری رکھے گی ۔ رمضان میں ورکرز کنونشن کے ذریعے حکومت پر دباو بڑھایا جائے گا ، اس سلسلے میں پارٹی  رہنما،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی تسلسل کے ساتھ افطار پارٹیوں کا اہتمام کریں گے، جس میں پاناما لیکس کا معاملہ اٹھایا جائے گا، افطار پارٹیوں میں عمران خان سمیت  پارٹی کی اعلیٰ قیادت شرکت یقینی بنائے گی ۔ تحریک کو آگے بڑھانے کے لیے پی ٹی آئی نے عید الفطر کے بعد سیالکوٹ ، گوجرانوالہ اور قصور میں جلسے کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔