Wednesday, April 24, 2024

پی ٹی آئی کے اراکین کی ڈپٹی اسپیکر سے بد تمیزی پر قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی

پی ٹی آئی کے اراکین کی ڈپٹی اسپیکر سے بد تمیزی پر قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی
January 19, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں تحریک انصاف کے اراکین کی ڈپٹی اسپیکر سے بد تمیزی کے معاملے پر ڈپٹی اسپیکر نے تحریک انصاف کے اراکین کو بولنے کا موقع دینے کے بجائے اجلاس ملتوی کر دیا ۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیر صدارت ہوا ۔
اجلاس کے آخری لمحات میں پیپلز پارٹی کے اعجاز جاکھرانی کو مائیک دیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ اجلاس میں عمران خان اور شیخ رشید پر لعنت نہیں بھیجی ۔ ان کے الفاظ کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ۔
اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ وہ ایسے الفاظ نہیں بول سکتے ۔ ریکارڈ چیک کر لیا جائے ۔ جنگ گروپ نے اپنے الفاظ ان کے منہ میں ڈالے ۔ اگر ہم بھی ایسے الفاظ بولیں گے تو پیپلز پارٹی اور عمران خان میں کیا فرق رہ جائیگا ۔ جنگ گروپ اپنی خبر کی تردید دے ورنہ تحریک استحقاق لاوں گا ۔
جاکھرانی کے بیان پر تحریک انصاف کے شہریار آفریدی اور مراد سعید نے بات کرنا چاہی تو ڈپٹی اسپیکر نے تحریک انصاف کے ارکان کو بولنے کی اجازت نہ دیتے ہوئے اجلاس ملتوی کر دیا ۔
اس پر شہر یار آفریدی اور مراد سعید نے ڈپٹی اسپیکر پر با آواز بلند لعنت بھیجی جبکہ تحریک انصاف کے دیگر اراکین بھی ڈپٹی اسپیکر پر جملے کستے رہے تاہم ڈپٹی اسپیکر رد عمل دینے کے بجائے اپنے چیمبر میں چلے گئے ۔