Thursday, March 28, 2024

پی ٹی آئی کے اتحادی آفتاب شیرپاﺅ وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے سے دستبردار

پی ٹی آئی کے اتحادی آفتاب شیرپاﺅ وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے سے دستبردار
May 29, 2016
پشاور (92نیوز)خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حلیف جماعت قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاو نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ نہیں کیا۔ پانامہ لیکس کی تحقیقات نہ ہونے پر سڑکوں پر آنے کا فیصلہ عمران خان کا ہوسکتا ہے اپوزیشن کا نہیں۔ تفصیلات کے مطابق آفتاب شیرپاو کی جماعت قومی وطن پارٹی خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی اتحادی ہے مگر سڑکوں پر آنے کی عمران خان کی دھمکی آفتاب شیرپاو کو ایک آنکھ نہیں بھائی۔ انہوں نے کہا عمران خان سولو فلائٹ کررہے ہیں، سڑکوں پر آنے کا فیصلہ عمران خان کا اپنا فیصلہ ہوسکتا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ آفتاب شیرپاو نے کہا کہ ہم وزیراعظم کا استعفیٰ نہیں، پانامہ لیکس کی تحقیقات چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹی او آرز کو جلد منطقی انجام تک پہنچا کرقوم کے اصل مسائل کی جانب توجہ دی جائے۔ قومی وطن پارٹی کے سربراہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملااختر منصور کی ہلاکت کے بعد بننے والی صورتحال میں پاک افغان تعلقات میں پیش رفت کی ضرورت ہے جس کےلئے پاکستان کو پہل کرنا ہوگی، افغان مہاجرین کو دھکے دیکر نکالنے کی بات غلط ہے۔