Thursday, May 2, 2024

پی ٹی آئی کے 18 جعلی اکاؤنٹس، وزراء جے آئی ٹی بنا کر مستعفی ہوں،مرتضیٰ وہاب

پی ٹی آئی کے 18 جعلی اکاؤنٹس، وزراء جے آئی ٹی بنا کر مستعفی ہوں،مرتضیٰ وہاب
January 10, 2019
کراچی ( 92 نیوز) سندھ حکومت کے ترجمان نے پاکستان تحریک انصاف کے 18 جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی اور وزراء کے استعفے کا مطالبہ کردیا ۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا جعلی اکاؤنٹس پر پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ شور مچارکھا تھا ، لیکن اسٹیٹ بینک کی رپورٹ نے حقیقت سب کے سامنے رکھ دی ۔ سندھ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں مشیر اطلاعات سندھ نے پی ٹی آئی پر لفظی گولہ باری کی اور آڑے ہاتھوں لیا ، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کا شور اپنی ہی آفشور کمپنی کے نیچے دب گیا  ۔ جیالے رہنماء کا کہنا تھا جعلی اکاؤنٹس پر سب سے زیادہ شور پی ٹی آئی نے مچارکھا تھا، لیکن اسٹیٹ بینک کی رپورٹ نے ان کا بھی منہ بند کردیا ، جعلی اکاؤنٹس پر  پی ٹی آئی وزراء کے استعفے دیں اور معاملے پر جے آئی ٹی بنائی جائے ۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے جعلی اکاؤنٹس پر پارلیمان اور سندھ اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے ۔