Friday, May 3, 2024

پی ٹی آئی کے 100روز کا پلان دیکھا تو ہنسی آئی ، احسن اقبال

پی ٹی آئی کے 100روز کا پلان دیکھا تو ہنسی آئی ، احسن اقبال
May 22, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) مسلم لیگ ن نے پاکستان تحریک انصاف کے 100 روزہ پلان کا جواب دے دیا، وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی کا 100 روزہ پلان دیکھا تو ہنسی آئی ، ہماری سیاست میں شعبدہ بازوں کی کمی نہیں ، نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے،100 دن کا ایجنڈا 90 دن کے ایجنڈے کی طرح دھوکا ہے،پی ٹی آئی حکومت نےپانچ سال میں زیرو پلس زیرو کام کیا۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں حکمران جماعت کے وفاقی وزراء اور ترجمان پنجاب حکومت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے 100 روزہ پلان پر جوابی حملے کئے اور چیئرمین پی ٹی آئی کو شدید نتقید کانشانہ بنایا ۔ وزیرِداخلہ احسن اقبال نے نے پی ٹی آئی کے سو روزہ پلان کو وژن 2025کا چربہ قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کا 100روزہ پلان پڑھ کرہنسی آئی، عمران خان کو 100روزہ پلان سے پہلے ماضی کا حساب دینا ہوگا۔ خان صاحب شعبدہ بازی سے یہ تاثر دے رہے ہیں کہ وہ انتخابات جیت رہے ہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا پلان عملی نہیں تصوراتی ہے جس پر عملدرآمد کے لیے 8 ہزار ارب درکار ہیں ،عمران خان بتائیں وہ یہ رقم کہاں سے لائیں گے۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ ناکام صوبائی حکومت کے باعث خیبرپختونخوا میں عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے،پشاور میں میٹرو کے گڑھوں نے شہریوں کا جینا دوبھرکردیا ہے، عمران خان کوئی ایک قابل ذکرمنصوبہ عوام کو دکھائیں۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان 2013کے اپنے 11نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد میں ناکام رہے، پنجاب حکومت کی کارکردگی سے ان کا کوئی موازنہ نہیں۔ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری ، وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ ، بلیغ الرحمان اور مشیر ریونیو ہارون اختر نے بھی پی ٹی آئی کے سو روزہ پلان کو ناقابل عمل اورعوام کو بیوقوف بنانے کے مترادف قراردیدیا۔