Thursday, March 28, 2024

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، وزیر اعظم نے ارکان کو اعتماد میں لیا

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ، وزیر اعظم نے ارکان کو اعتماد میں لیا
April 20, 2019

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کے بعد پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کی بنی گالا میں اہم بیٹھک ہوئی  جہاں عمران خان نے ارکان  کو اعتماد میں لیا۔ وزارت پٹرولیم کا اضافی چارج عمر ایوب کو سونپنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ حکومت نےعوامی مسائل کے حل کےلیے اپوزیشن کو مفاہمت کا عندیہ  دے دیا۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں  کپتان کا دفاع کرنےوالے اہم کھلاڑی غیرحاضررہے، فواد چودھری، غلام سرور خان، شہریار آفریدی،اسدعمر اور عامر کیانی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔

وزیراعظم عمران خان نے وزرا اور مشیروں پر واضح کردیا کہ کارکردگی نہ دکھانے والا گھر جائے گا ، پارٹی ترجمانوں کو بھی اہم  ٹاسک دیے گئے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی تنقید کا جارحانہ ردعمل دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم  عمران خان اسدعمر کی کابینہ میں واپسی کے خواہشمند ہیں ، انہوں نے  کہا ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی ہرممکن کوشش کررہے  ہیں، وفاق کے ساتھ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر نظر ہے، روزانہ کی بنیادپرکارکردگی مانیٹر ہورہی ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کرنا ہوگا، حکومت کی خاموشی کو کمزور سمجھنے سے مسائل پیدا ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اجلاس میں  عمران خان کے ویژن ، قومی مفاداورعوامی مسائل پر تفصیلی بات ہوئی، عوام کی توقعات پر پورا اترنے کےلیے حکمت عملی بنانے پر غور کیا گیا۔