Thursday, April 25, 2024

پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی ملائکہ بخاری اور کنول شوزب پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی

پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی ملائکہ بخاری اور کنول شوزب پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی
April 18, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوزب پر نااہلی کی تلوار لٹکنے لگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا۔

 اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی تین خواتین ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ دراخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ خواتین ارکان اسمبلی صادق اور امین نہیں، نااہل قرار دیا جائے۔  

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائکہ بخاری دہری شہریت رکھتی تھیں۔ تاشفین صفدر نے بھی دہری شہریت کے حوالے سے معلومات چھپائی ہیں۔ کنول شوزب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی پر غلط بیانی کی۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ممبران کو نااہل کیا جائے۔