Monday, September 16, 2024

پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا

پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سازی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا
August 2, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) اسلام آباد میں عمراں خان کی بنی گالہ  میں رہائشگاہ  سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بنی ہوئی ہے  لیکن پی ٹی آئی  ابھی تک  حکومت سازی  پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرپائی  ۔ وفاق اور پنجاب میں نمبر گیم پوری کرنے کے دعوؤں کےباوجود پی ٹی آئی کسی حتمی نتیجے تک نہیں پہنچ پائی، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی فائنل نامزدگی بھی تاحال نہیں ہوئی۔ تحریک انصاف کے اجلاس پر اجلاس کے باوجود لیکن حکومت سازی کے حوالے سے طاری جمود نہ ٹوٹ پایا ،  قوم عمران خان کی جانب سے بڑے فیصلوں کی منتظر ہے ۔ پی ٹی آئی کی جانب سے وفاق اور پنجاب میں نمبر گیم پوری کرنے کے دعوؤں کے باوجود نہ تو وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے کوئی حتمی پیشرفت سامنے آئی اور نہ ہی وزیراعلیٰ پنجاب کا نام فائنل ہو سکا ہے  اور تو اور پی ٹی آئی کے اکثریتی صوبے خیبرپختونخوا میں بھی تاحال وزیراعلیٰ کی فائنل نامزدگی نہیں ہو سکی ۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق وزارتوں کا حتمی اختیار عمران خان کے پاس ہے لیکن کپتان کی جانب سے ابھی تک کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ۔  پوری قوم کی نظریں عمران خان کی جانب لگی ہیں  کہ وہ کب سکوت توڑیں اور حکومت سازی کا فائنل مرحلہ شروع ہو ۔ دوسری طرف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے دو ارکان قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا اور غوث بخش مہر جلد عمران خان سے ملاقات کر کے ان کی حمایت کا اعلان کرینگے، جس کے بعد پی ٹی آئی کو مرکز میں مزید دو نشستیں مل جائیں گی ۔ ادھر پی پی83خوشاب سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے ملک غلام رسول سنگھا بھی کھلاڑی بن گئے ہیں۔