Saturday, May 4, 2024

'پی ٹی آئی کی بلی غائب ... الزام نون لیگ پر'

'پی ٹی آئی کی بلی غائب ... الزام نون لیگ پر'
January 4, 2016
فیصل آباد (92نیوز) تحریک انصاف کی خاتون کارکن کی پالتو بلی چوری ہو گئی تو مالکن نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کارکن کی پالتو بلی اچانک گھر سے چوری ہو گئی تو مالکن مقدمہ درج کروانے سمن آباد تھانہ پہنچ گئی۔ بلی کی مالکن نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اس کی بلی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے اغوا کی ہے لیکن پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ مالکن کے مطابق اس کیلئے یہ بلی بہت قیمتی ہے کیونکہ یہ عمران خان کی فین ہے اور اس بلی کو اسلام آباد دھرنے میں شریک ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ مقدمہ درج نہ ہونے پر بلی کی مالکن نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ بعدازاں عدالت کے حکم پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے عمران خاں کی فین کیٹی بلی کی تلاش شروع کر دی۔ کیٹی بلی کی مالکن تو کیٹی کے چوری ہونے پر بے حد پریشان ہے جبکہ اس کے بچے بھی بلی کی یاد میں غمزدہ ہیں اور کیٹی کی تصویریں دیکھ کر اس کو بے حد یاد کرتے ہیں۔ کیٹی کی مالکن امتیاز آصف بلی سے اپنے بچوں کی طرح پیار کرتی تھی اور تو اور اس کے لیے ایک گھر بھی بنایا تھا مگر اب وہ گھر خالی ہے۔ مالکن کا کہنا ہے کہ عمران خان بھی اس کی چوری ہونے والی بلی برآمد کروائیں کیونکہ بلی پی ٹی آئی کی ہے۔ پولیس کیٹی کو اگر تلاش نہ کر سکی تو بلی کی مالکن نے احتجاجی دھرنے کی بھی دھمکی دے ڈالی ہے۔