Thursday, April 25, 2024

پی ٹی آئی کوشہردینےسےبانی متحدہ پھرزندہ ہوگیا،چیئرمین پی ایس پی

پی ٹی آئی کوشہردینےسےبانی متحدہ پھرزندہ ہوگیا،چیئرمین پی ایس پی
June 21, 2020

کراچی ( 92 نیوز) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو شہر دینے سے بانی متحدہ پھر زندہ ہو گیا ،  پیپلزپارٹی کی تعصب پر مبنی سیاست نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔ عمران فاروق قتل کیس کا  فیصلہ آنے  کے بعد 3 دن تک  شہر  کے سورماؤں کے ردعمل کا انتظار کیا  مگرایک لفظ تک سامنے نہ آیا ۔

ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر عمران  فاروق کےقتل کیس کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد مصطفیٰ کمال کراچی کی سیاست میں ایک بار پھر سرگرم ہو گئے ، ایم کیوایم پاکستان پر لفظی گولہ باری کی پی ٹی آئی پر جعلی مینڈیٹ رکھنے اور پی پی پی پر  تعصب  کی سیاست  کا الزام کی لگادیا۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں مصطفیٰ کمال  بولے عمران فاروق قتل کیس کا فیصلہ آنے کے بعد تین روز  تک  شہر کے سورماؤں کے ردعمل کا انتظار کیا  مگرایک لفظ تک سامنے نہ آیا آج بھی بند کمروں میں بانی ایم کیو ایم کا دفاع کیا جاتا ہے ہماری ہر بات درست ثابت ہورہی ہے۔

مصطفیٰ کمال بولے جو لوگ  الیکشن والے دن سوگئے تھے انھیں  نشستیں دلوائی گئیں ، نتائج غائب کیے گئے، پی ٹی آئی کو شہر دینے سے بانی متحدہ زندہ ہوا اور پیپلزپارٹی کی تعصب پر مبنی سیاست  نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔

مصطفی ٰ کمال نے کہا بانی ایم کیوایم  ایک را  ایجنٹ ہے جس نے  ذاتی فائدے کیلئے اپنی نسلوں کو گروی رکھ دیا اور اب بھارتی  آقاؤں کے حکم پر بابائے سندھو دیش بن چکا ہے۔مصطفیٰ کمال نے گذشتہ دو ہفتے  کے دوران کریکر حملوں میں شہید اور زخمی ہونے  والے رینجرز کے جوانوں اور شہریوں خراج تحسین بھی پیش کیا۔