Friday, April 19, 2024

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس،فاٹا سے متعلق حکومتی یو ٹرن کی مذمت

پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس،فاٹا سے متعلق حکومتی یو ٹرن کی مذمت
December 23, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں فاٹا کے پختونخوا میں انضمام پر حکومتی مؤقف میں یوٹرن کی شدید مذمت کی گئی ۔
کور کمیٹی کے اجلاس میں قبائلی عوام کے مستقبل کیلئے تاریخی احتجاج کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔ احتجاج کی تاریخ کا اعلان کچھ دنوں میں کیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکا نے عزم کیا کہ ایک شخص کی خوشنودی کی خاطر پاکستان کی سلامتی اور قبائلی عوام کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
تحریک انصاف اجلاس میں امریکی نائب صدر کے پاکستان کے بارے میں بیان کی بھی شدید مذمت کی گئی ۔ اجلاس کے شرکا نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ مالی اور جانی قربانیاں دیں ۔ امریکی نائب صدر نے اپنے بیان سے پاکستانی قوم کی دل آزاری کی ۔ اس قسم کے بیانات شکست خوردگی اور مایوسی کی علامت ہیں۔
تحریک انصاف کے اجلاس میں قانونی ٹیم نے حدیبیہ پیپر ملز کیس پر مفصل بریفنگ دی جبکہ آئندہ چند روز میں قومی سطح پر آگہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
قانونی چارہ جوئی کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ حدیبیہ کو طاق نسیاں کی نذر کرنے کی کوششیں ناکام بنانے پر مکمل اتفاق ہوا ۔