Wednesday, April 24, 2024

پی ٹی آئی کا وزیراعظم کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ جانے کا حتمی فیصلہ

پی ٹی آئی کا وزیراعظم کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ جانے کا حتمی فیصلہ
August 26, 2016
لاہور(92نیوز)تحریک انصاف نے پاناما لیکس کی بنیاد پروزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ جانے کاحتمی فیصلہ کرلیا عمران خان کی ہدایت پر قانونی ٹیم پیر یا منگل کو عدالت عظمیٰ میں پٹیشن دائر کرے گی۔ تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پاناما لیکس، اثاثے چھپانے اور الیکشن کمیشن میں غلط بیانی کرنے کے الزامات کے تحت سپریم کورٹ میں جانے کا فیصلہ کر رکھا ہے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے تحریک انصاف کو مشورہ دیا تھا کہ جب وہ پاناما لیکس اور حکمرانوں کی کرپشن کے معاملے پر عوامی تحریک چلا رہے ہیں تو ایسے مرحلے میں اسی معاملے کو لے کر سپریم کورٹ میں جانے سے تحریک کو نقصان ہوگا لہٰذا وہ عدالت سے رجوع کرنے کا راستہ بعد میں اختیار کریں  تاہم عمران خان نے جماعت کے اندر اس معاملے پر مشاورت کے بعد سپریم کورٹ میں جانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ حامد خان ایڈووکیٹ نے نائنٹی ٹو نیوز کو بتایا کہ انہیں عمران خان نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا کہہ دیا ہے اور اب وہ پیر یا منگل کو عدالت عظمی سے رجوع کریں گے۔