Thursday, April 18, 2024

پی ٹی آئی کا نون لیگ کی ڈنڈا بردار فورس کیخلاف الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا نون لیگ کی ڈنڈا بردار فورس کیخلاف الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ
September 22, 2016
اسلام آباد (92نیوز) تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کی ڈنڈابردار فورس اور جانثاران نوازشریف کےخلاف الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ کر لیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایسا کرنا غیرآئینی ہے۔ پی ٹی آئی رائیونڈ مارچ کےلئے بھی پوری طرح تیار ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کا ایک بار پھرمسلم لیگ (ن) کےخلاف الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ۔ عدالت سے بھی رجوع کیا جائیگا لیکن اس بار معاملہ انتخابی دھاندلی یا پانامہ لیکس کا نہیں۔ ڈنڈا بردار فورس اور جانثاران نوازشریف کا ہے۔ جی ہاں تحریک انصاف ڈنڈا بردار فورس بنانے پر وزیر مملکت عابد شیر علی اورپنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری کےخلاف الیکشن کمیشن جا رہی ہے۔ ڈنڈا بردار فورس کو روکنے کےلئے ذمہ داریاں پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرخ حبیب کو سونپی گئی ہیں جنہوں نے چیف الیکشن کمشنر کےلئے درخواست بھی تیار کرلی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 256 کے تحت کوئی بھی پارٹی اپنی پرائیویٹ فورس تیار نہیں کر سکتی۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جانثار فورس کی بھرتی کا عمل بھی شروع کیا گیا جو غیرآئینی ہے۔ درخواست میں عابد شیر علی اور زعیم قادری کےخلاف کارروائی کی استدعا بھی کی گئی۔ تحریک انصاف دوسرے مرحلے میںیہ معاملہ عدالت میں بھی چیلنج کریگی۔ 92نیوز سے گفتگومیں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کسی رکن نے بلا بردار فورس تیار نہیں کی۔ بلا بردار فورس تو کارکنوں کا ردعمل ہے۔ دوسری جانب کپتان 26تاریخ سے 3روز کےلئے لاہور جا رہے ہیں۔ وہ وہاں قیادت سے ملاقاتیں کرینگے۔ روزانہ کی بنیاد پر اجلاس بلائینگے اور رائیونڈ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔