Friday, April 26, 2024

پی ٹی آئی کا لاہور کے بعد ملتان اور فیصل آباد میں بھی جلسوں کا اعلان

پی ٹی آئی کا لاہور کے بعد ملتان اور فیصل آباد میں بھی جلسوں کا اعلان
April 28, 2016
لاہور (92نیوز) پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف تحریک مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ یکم کو لاہور کے بعد8 مئی کوملتان اور 13 کو فیصل آباد میں جلسے ہونگے۔ عمران خان کہتے ہیں لاہور کا جلسہ رائیونڈ دھرنے کی نیٹ پریکٹس ہو گی۔ نواز شریف سے حساب لے کر رہیں گے۔ وہ جتنے چاہے دورے کر لیں اور جتنی سڑکیں بنا لیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان نے لاہور میں یکم مئی کے جلسے کے حوالے سے اہم اجلاسوں کی صدارت کی۔ کارکنوں سے خطاب کیا اور اعلان کر دیا کہ جماعت کے اندر موجود تمام اختلافات ختم ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم کو پھر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نواز شریف نے قوم کا پیسہ لوٹ کر بیٹوں کی آف شور کمپنیاں بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز سچی خاتون ہیں جنہوں نے تسلیم کیا کہ لندن میں ان کے فلیٹس ہیں۔ اب فیصلہ کن وقت آگیا ہے نوازشریف کوبھی اب سچ بولنا ہو گا۔ ان سے تو زرداری بہتر تھے۔ عمران خان نے کہا کہ تمام جماعتیں فیصلہ کر چکی ہیں کہ عدالتی کمیشن صرف وزیراعظم کے خاندان کی تحقیقات کرے گا۔ وہ جلد قوم کو نواز شریف کے تین ارب کی کہانی بتائیں گے۔ لاہور میں حکومت کے خلاف بھرپور مظاہرہ ہوگا۔ اس سے قبل لاہور پہنچنے پر ائیر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پانامہ لیکس کے بعد جہانگیر ترین یاد آیا۔ پہلے کیا سوئے ہوئے تھے۔ یہ احتساب نہیں بلیک میلنگ ہے۔