Tuesday, April 23, 2024

پی ٹی آئی کا شہبازشریف کی نااہلی کا ریفرنس پنجاب اسمبلی میں دائرکرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا شہبازشریف کی نااہلی کا ریفرنس پنجاب اسمبلی میں دائرکرنے کا فیصلہ
January 16, 2017
اسلام آباد(92نیو)تحریک انصاف نے شہباز شریف کی نااہلی کا ریفرنس پنجاب اسمبلی میں دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ، کپتان نے بھی منظوری دے دی ، ریفرنس پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید جمعہ کو اسپیکرپنجاب اسمبلی کو جمع کرائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں پی ٹی آئی اراکین پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی نااہلی کاریفرنس پنجاب اسمبلی میں دائر کرنے کا فیصلہ کیا،تحریک انصاف کے تمام ایم پی ایز بھی میاں محمودالرشید کے ساتھ پنجاب اسمبلی پہنچیں گے،  شوگرملز جنوبی پنجاب منتقل کرنے کے عدالتی فیصلے کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کونااہل قرار دینے کی استدعا کی جائے گی،شہبازشریف نے عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شوگر ملز جنوبی پنجاب منتقل کرائی تھی، عدالت نے اپنے فیصلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے مناسب فورم سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی دیا تھا، عمران خان نے شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی،پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے ریفرنس کا متن بھی تیار کرلیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے پنجاب کے اراکین اسمبلی کو حکومت کے خلاف چارج شیٹ اور پاناما کے حوالے سے حقائق عوام کے سامنے لانے کی ہدایت بھی دے دی ہے۔