Sunday, May 5, 2024

پی ٹی آئی کا حلقہ پی پی ستانوے کے چونتیس پولنگ سٹیشنوں پر ضمنی انتخاب کیلئے گکھڑ میں جلسہ، شاہ محمود قریشی اور دیگر کا خطاب

پی ٹی آئی کا حلقہ پی پی ستانوے کے چونتیس پولنگ سٹیشنوں پر ضمنی انتخاب کیلئے گکھڑ میں جلسہ، شاہ محمود قریشی اور دیگر کا خطاب
June 16, 2015
گکھڑ (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ دو ہزار تیرہ کے انتخابات شفاف نہیں ہوئے۔ حکومت کی پالیسیوں سے کسان، مزدور پریشان ہیں۔ شیخ رشید نے جوش خطابت میں زمینداروں کو باہر نکلنے، مرو مارو مر جاؤ کا مشورہ دے ڈالا۔ گکھڑ منڈی میں حلقہ پی پی ستانوے کے چونتیس پولنگ اسٹیشنز پر اکیس جون کو ہونیوالے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں منعقدہ انتخابی جلسہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے انتخابی تھیلوں کے اندر سے شیر تو کیا بلی بھی نہیں نکلی۔ آنیوالا دور پی ٹی آئی کا ہو گا۔ جھرلو چلانے کی کو شش کی گئی تو عوام پہرہ دیں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے خطاب میں کہا سات خاندانوں نے ملک پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ میٹرو بس غریبوں کے نام پر امیروں کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ن لیگ کی حکومت رہے گی زمیندار کا کچھ نہیں رہے گا۔ شیخ رشید کا مزید کہنا تھا بھارت نے پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھا تو امرتسر سے لیکر آسام تک نیست ونابود کر دیں گے۔ اس موقع پر شیخ رشید نے زمینداروں کو جوش خطابت میں ایک بار پھر باہر نکلو، مرو، مارو، مرجاؤ کی ترغیب دے ڈالی۔ انتخابی جلسہ کے دوران جدید اسلحہ کی سرعام نمائش ہوتی رہی۔ گکھڑ پو لیس نے ایک شخص کو حراست میں لے کر جدید گن قبضہ میں لے لی تاہم کارکنوں کی مداخلت پر مسلح نوجوان کو حراست میں نہیں لیا گیا۔