Thursday, September 19, 2024

پی ٹی آئی کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ، ملکر کام کرنے کی خواہش

پی ٹی آئی کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں ، ملکر کام کرنے کی خواہش
August 12, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) تحریک انصاف کے رہنماؤں نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے قبل اپنوں اور پرائیوں سے ملاقاتیں کیں ۔ پی ٹی آئی نے اپنوں سے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے حمایت مانگ لی  جبکہ اپوزیشن کےساتھ ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کردیا۔ پندرھویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس سے قبل اکثریتی جماعت پی ٹی آئی متحرک ہو گئی  ۔ تحریک انصاف کےوفد نے اپوزیشن سے پہلا باضابطہ رابطہ کیا اور اسدقیصر، پرویزخٹک، فوادچودھری اور عمرایوب پر مشتمل وفد مسلم لیگ ن کے رہنما اور اسپیکر ایازصادق کے ہاں جا پہنچا۔ ملاقات میں پی ٹی آئی نے حکومتی امور اپوزیشن کےساتھ مشاورت سے چلانے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ ایازصادق نے بھی تحریک انصاف کے وفد کو الیکشن سےمتعلق تحفظات سے آگاہ کردیا۔تحریک انصاف کے ترجمان فوادچودھری نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے ساتھ نہ چلنے سے نظام نہیں چلے گا ۔ پی ٹی آئی کے وفد نے ایم کیوایم کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی اور  زیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے حمایت بھی مانگ لی  جس کے بعد تحریک انصاف کے وفد نے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں خورشید شاہ، نوید قمر اور شیری رحمان سے ملاقات کی۔ پی ٹی آئی وفد کی جانب سے  پیپلزپارٹی کو وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی  اور ملکی مسائل کیلئے ملکر کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ اسدقیصر، فوادچودھری اور شفقت محمود پر مشتمل تحریک انصاف کے وفد نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترمینگل سے بھی ملاقات کی اور ان سےبھی وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے حمایت مانگی۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وہ ملکی مفادات کیلئے تمام جماعتوں کےساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں ۔  تحریک انصاف کے وفود کی اپنوں اور پرائیوں سے ملاقاتیں اور ملکر چلنے کی خواہش کا اظہار تو خوش آئند ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ اس پر عمل کس حد تک ہوتا ہے۔