Friday, April 26, 2024

پی ٹی آئی ڈی جے بٹ کے بعد ٹینٹ سروس والوں کی بھی نادہندہ نکلی

پی ٹی آئی ڈی جے بٹ کے بعد ٹینٹ سروس والوں کی بھی نادہندہ نکلی
July 10, 2015
اسلام آباد(92نیوز)تحریک انصاف ڈی جے بٹ کے ساتھ ساتھ ٹینٹ سروس والوں کی بھی نادہندہ نکلی ، دھرنے کے دوران استعمال ہونے والے شامیانوں اور کرسیوں کے کرائے کی مد میں چھیالیس لاکھ روپے اب تک  ادا نہیں کئے گئے  ،ٹینٹ سروس فراہم کرنے والے چودھری اشتیاق نے عمران خان کو خط لکھ کر انصاف کا مطالبہ کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے دروازے پر قرض خواہوں کی لائن لگ گئی دھرنوں میں موسیقی کا تڑکا لگانے والے ڈی جے بٹ کا قرض   ابھی اترا نہیں کہ ایک اور صاحب  چودھری اشتیاق نے  انصاف  کی دستک  دیدی۔ موصوف  دھرنوں میں ٹینٹ سروس فراہم کرتے رہے ،، چودھری اشتیاق   نےتحریک انصاف کے سربراہ عمران خان  کو چٹھی لکھی  ہے  کہ پی ٹی آئی  نے دھرنے کے دوران کرسیاں ،قالین اور شامیانے کرائے پر حاصل کیے جن کا کرایہ 90 لاکھ روپے طے پایا، تاہم تحریک انصاف نے عید الاضحیٰ پر 44 لاکھ کی رقم ادا کردی ،   باقی کے چھیالیس لاکھ روپے ادا کرنے ہیں ۔ عمران خان کو لکھے گئے خط میں چودھری اشتیا ق احمد نے یہ شکایت بھی کی ہے کہ جہانگیر ترین نے رقم ادا کرنے کا وعدہ کیا مگر اب وہ ملاقات کے لیے بھی تیار نہیں ،، چودھری اشتیاق نے عمران خان سے اپیل کی ہے ان کی رقم کی ادائیگی کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جائے اور  اگر رقم ادا نہ کی گئی تو وہ خود سوزی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ موصوف کی اس دھمکی کا پی ٹی آئی پر کتنا اثر پڑےگا اور انصاف کا نعرہ لگانے والی تحریک انصاف چودھری اشتیاق کو کب انصاف فراہم کرے گی سب کو ان سوالوں کے جواب کا انتظار ہے۔