Saturday, May 18, 2024

پی ٹی آئی چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی ، عمران خان

پی ٹی آئی چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی ، عمران خان
November 14, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ آئندہ چاروں صوبوں میں حکومت بنائیں گے ۔ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں مزید 2 ارب درخت لگانے کا اعلان کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی پالیسی میں ایکوٹورازم نئے ہل اسٹیشن صفائی اور درخت اگانے کو نصاب کا حصہ بنائیں گے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کنونشن سنٹر اسلام آباد میں خیبر پختونخوا کے لئے ماحولیاتی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی لوگوں کی زندگیوں کے لیے بڑا خطرہ ہے ۔ آئندہ حکومت بناکر صوبے میں دو ارب درخت لگائے جائیں گے۔
عمران خان کا کہناتھا کہ ٹمبر مافیا نے 10 سالوں میں 2 سو ارب روپے کی لکڑی کاٹی ۔ خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا کو شکست دی ۔ کپتان نے کہا بیوروکریسی کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ یہ کچھ نہیں کرسکتی ۔ یہی لوگ ہیں جنہوں نے یہ کام کیا ہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال میں 75 فیصد مریضوں کا مفت علاج ہوتا ہے ۔ ہسپتال میں 500 کروڑ روپے سالانہ غریبوں کے علاج پر خرچ کئے جاتے ہیں ۔ تقریب سے پرویز خٹک نے بھی خطاب کیا،صوبے بھر کے فاریسٹ گارڈز کو ترقی اور امتیاز اوڑمڑ کو وزیر کا درجہ دینے کا اعلان کیا ۔