Monday, September 16, 2024

پی ٹی آئی والے نااہلی چھپانے کیلئے شور مچاتے ہیں: خواجہ آصف

پی ٹی آئی والے نااہلی چھپانے کیلئے شور مچاتے ہیں: خواجہ آصف
January 30, 2017

اسلام آباد (92نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ شور ہمیشہ تحریک انصاف کی جانب سے ہوتا ہے یہ لوگ اپنی نااہلی کو چھپانے کے لئے شور مچاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا  اسمبلی کا ماحول بہتر بنانا تمام پارلیمانی جماعتوں کی ذمہ داری ہے۔ اسمبلی کا ماحول بہتر ہو گا تو کارروائی مثبت انداز سے آگے بڑھے گی۔ اسمبلی اجلاس میں ایک سینئر رکن کا وزیراعظم کیخلاف نعرے لگانا مناسب نہیں۔

خواجہ آصف نے کہا عدالت میں ہونے والی کارروائی پر اظہار خیال نہیں کرونگا۔ عمران خان چندہ اِدھر اُدھر کر کے ہسپتال چلا رہے ہیں۔ شریف خاندان اپنے پیسے سے دو ہسپتال چلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا  وزیراعظم اور ان کے خاندان کی طرف سے منی ٹریل عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔

طارق فضل نے کہا تحریک انصاف الزام برائے الزام کا کھیل کھیل رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) عدالت کے دائرہ اختیار پر بات کر سکتی تھی  لیکن ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا شریف خاندان نے خود کو احتساب کے لیے عدالت کے سامنے پیش کیا۔ انتخابات کی شفافیت پر عدالت نے مہر لگائی، اس معاملے پر بھی لگے گی۔