Thursday, April 25, 2024

پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دیدی

پی ٹی آئی نے یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دیدی
March 2, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے یوسف رضا گیلانی کی نا اہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دیدی۔

فرخ حبیب اور کنول شوزب کی درخواست میں یوسف رضا گیلانی پر کرپٹ پریکٹسز کے ارتکاب کا الزام لگاتے ہوئے نا اہلی کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا کہ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی نے ایم این ایز کو ووٹ کو خراب کرنے کی ترغیب بھی دی۔

فرخ حبیب نے کہا، سینیٹ کے ووٹ خریدنے کے لیے کروڑوں اربوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں، ہم الیکشن کمیشن میں درخواست لے کر حاضر ہوگئے ہیں، الیکشن کمیشن نے انتخابات میں کرپٹ پریکٹسز کو ختم کرنا ہے، الیکشن کمیشن نے انتخابات سے پہلے ایکشن لینا ہے، انتخابات کے بعد نہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا، الیکشن کمیشن کارروائی کرنے کے لیے تمام تر اختیارات رکھتا ہے، ووٹر کو خریدنے کے حوالے سے الیکشن ایکٹ میں واضح احکامات ہیں، ہمیں میڈیا سے پتہ چلا ہے کہ الیکشن کمیشن ویڈیو پر نوٹس لے چکا ہے، ہماری الیکشن کمیشن سے استدعا ہے یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دیا جائے۔

ادھر کنول شوزب کہتی ہیں کہ، اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے یہ تماشا بہت عرصے سے لگا ہوا ہے، آج ساری دنیا نے دیکھ لیا کہ ایم این ایز سے رابطہ کرکے کیا کہا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا، آج کی ویڈیو سے تحریک انصاف کے موقف کی تائید ہوئی ہے، وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں الیکشن میں شفافیت لائی جائے۔ الیکشن کو شفاف بنانے کی ضامن الیکشن کمیشن ہے، ہماری الیکشن کمیشن سے درخواست ہے سامنے آنے والی ویڈیو کا بھرپور طریقے سے نوٹس لیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا، یوسف رضاگیلانی کے بیٹے ارکان اسمبلی کے ضمیروں کے سودے کرتے پھر رہے ہیں، میرے خیال میں تو یوسف رضا گیلانی کو الیکشن کمیشن کے کہنے سے پہلے ہی دستبردار ہوجانا چاہئے۔