Friday, April 26, 2024

پی ٹی آئی نے کب سے بدمعاشی شروع کی،منشابم گرفتاری کیس میں چیف جسٹس کے ریمارکس

پی ٹی آئی نے کب سے بدمعاشی شروع کی،منشابم گرفتاری کیس میں چیف جسٹس کے ریمارکس
September 30, 2018
لاہور ( 92 نیوز )سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں قبضہ گروپ منشا بم کی گرفتاری کے لیے کیس کی سماعت کے دوران  عدالتی حکم پرپی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کرامت کھوکھر عدالت پیش ہو گئے ۔ عدالت نے ڈی آئی جی آپریشنز کو بھی طلب کیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی،چیف جسٹس نے ایس پی معاذ ظفر سے استفسار کیا کون ہےیہ منشاءبم  جس پر ایس پی معاذ ظفر نے بتایا منشا بم جوہر ٹاؤن کا بہت بڑا قبضہ گروپ ہے،آپ کے حکم پر کارروائی کی تو سفارشیوں کے فون آنا شروع ہوگئے۔ چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ سفارش کے لئے کس کا فون آیا؟،جس پر ایس پی معاذ ظفر نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے ملک کرامت کھوکھر نے منشا بم کو گرفتاری سے روکنے کی درخواست کی ۔ عدالت نے  کرامت کھوکھر کو طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پاکستان تحریک انصاف نےکب سے بدمعاشی شروع کردی؟ ، نیا پاکستان بدمعاشوں کی پیروی کرکے بنانے چلے ہیں، آج انکوائری میں ثابت ہوا تو ملک کرامت کھوکھر بطور ایم این اے واپس نہیں جاؤ گے۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے بتایا کہ وہ منشاء بم کو نہیں جانتے اور نہ ہی ایس پی کو  یا ڈی آئی جی کو فون کیا   ، جس پر چیف جسٹس پاکستان نے  ڈی آئی جی کو عدالت طلب کرلیا۔