Monday, September 16, 2024

پی ٹی آئی نے پی پی اور مسلم لیگ ن کو ٹف ٹائم دینےکافیصلہ کر لیا

پی ٹی آئی نے پی پی اور مسلم لیگ ن کو ٹف ٹائم دینےکافیصلہ کر لیا
April 4, 2017
اسلام آباد(92نیوز)پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کو باﺅنسرز پڑنے والے ہیں ۔تحریک انصاف نے دونوں جماعتوں کو ٹف ٹائم دینے کےلئے سپیڈ پکڑ لی۔ ایک بار پھر عوامی رابطہ مہم چلے گی مک مکا کی سیاست بے نقاب ہوگی۔ اصغر خان کیس اور اسامہ بن لادن سے رقم لینے کا معاملہ بھی پوری قوم کے سامنے لایا جائیگا۔ تفصیلات کےمطابق تحریک انصاف پھر عوامی رابطہ مہم کےلئے تیارہوگئی ہے  اصغر خان کیس اور اسامہ بن لادن سے رقم لے کر جمہوریت پر شب خون مارنے کا معاملہ بھی اٹھایا جائیگا یہ سارے فیصلے تحریک انصاف کے سینئر رہنماﺅں کے اجلاس میں ہوئے جو عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں ہوا۔عمران خان نے اصغر خان کیس پر لیگل کمیٹی کو ہوم ورک تیار کرنے اور اسامہ بن لادن سے رقم لینے کے معاملے کی ذمہ داری میڈیا سیل کو سونپ دی۔ آئندہ جلسوں اور دیگر اجتماعات میں دونوں معاملات کو اٹھایا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی مک مکا کی سیاست کو تشہیری مہم کا حصہ بنایا جائیگا۔ پارٹی ترجمان نعیم الحق کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف اسامہ بن لادن سے رقوم کے عوض جمہوریت پر شب خون مارنے کی سازشوں میں ملوث رہے۔ اصغر خان کیس بلا تاخیر منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے کارروائی کی جانی چاہیے۔ عمران خان نے اٹک اور سرگودھا میں سکیورٹی خدشات کے باعث ملتوی کئے گئے جلسوں کی نئی تاریخیں طے کرنے کی ہدایت بھی کردی اجلاس میں گردشی قرضوں کی عدم ادائیگی  بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہارجبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔