Friday, April 26, 2024

پی ٹی آئی نے منظور وٹو کے بیٹے اور بیٹی کو ٹکٹ جاری کر دیئے

پی ٹی آئی نے منظور وٹو کے بیٹے اور بیٹی کو ٹکٹ جاری کر دیئے
June 28, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو کے بیٹے اور بیٹی کو عام انتخابات 2018 کے لئے ٹکٹ جاری کر دیئے ۔ میاں منظور احمد وٹو کے صاحبزادے جہانگیر وٹو  پی پی 185 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے  جبکہ روبینہ شاہین وٹو پی پی 186  اوکاڑہ سے پی ٹی آئی کی نمائندگی کریں گی ۔میاں منظور احمد وٹو نے آزاد حیثیت میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کا اعلان  کر دیا۔ میاں منظور احمد وٹو  پاکستان پیپلزپارٹی کے دیرینہ کارکن ہیں مگر اس کے باوجود انہوں نے پارٹی ٹکٹ پر لڑنے کی بجائے  آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ۔پی ٹی آئی نے منظور وٹو کے مقابلے میں اپنے اُمیدوار کا اعلان نہیں کیا۔ دوسری طرف پی ٹی آئی نے پی پی 239 بہاولنگر سے احتشام الحق لالیکا کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے  ، احتشام الحق لالیکا ضلع بہاؤلنگر کے وائس چیئرمین  ہیں ، جنہیں ن لیگ نے بھی ٹکٹ جاری کیا جو اُنہوں نے واپس کر دیا ۔ حجرہ شاہ مقیم میں  بھی دلچسپ صورتحال ہے  سابق صوبائی وزیر رضا علی گیلانی نے پی پی 184 سے ن لیگ کا ٹکٹ واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے  اور وہ آزاد حیثیت سے پی پی 184 اور 185 سے الیکشن میں حصہ لیں گے  ، واضح رہے کہ رضا علی گیلانی کا گلزار سبطین شاہ اور منظور وٹو سے انتخابی اتحاد ہے ۔ جبکہ این اے 187 لیہ میں بھی بڑی تبدیلی سامنے آ گئی ،یہاں سیہڑ برادران نے پی ٹی آئی کے جاری کردہ ٹکٹس واپس کر دیئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی نے این اے 187 میں عبدالمجید نیازی کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔