Friday, May 17, 2024

پی ٹی آئی نے ملک کا بُرا حال کردیا، خیبرپختونخوا میں تو صرف ٹریلر چلا، حمزہ شہباز

پی ٹی آئی نے ملک کا بُرا حال کردیا، خیبرپختونخوا میں تو صرف ٹریلر چلا، حمزہ شہباز
December 25, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نے ملک کا بُرا حال کردیا، خیبرپختونخوا میں تو صرف ٹریلرچلا۔

ہفتہ کے روز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز وزیراعظم پر برس پڑے، کہتے ہیں پورے ملک کے عوام عمران نیازی کا محاصرہ کرنے کو تیار بیٹھے ہیں۔ آپ کو قوم کے خواب چکنا چور کرنے کا حساب دینا ہوگا۔

حمزہ شہباز بولے کہ عمران خان کی چھتری تلے مافیاز پلتے ہیں، انھوں نے نیا پاکستان کیا بنانا تھا پرانے کا بھی بیڑا غرق ہوچکا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب نے مزید کہا کالا باغ ڈیم کیوں نہ بنا اس پر بات نہیں کرناچاہتا لیکن اس کے نہ بنانے سے نقصان ہوا، آئندہ پاکستان میں پانی کی قلت ہوگی۔

نوازشریف کو ہٹانے کے چکر میں ریاست کو ہلا کر رکھ دیا گیا، خواجہ سعدرفیق

 

مسلم لیگ ن کے رہنماء خواجہ سعدرفیق نے تقریب سے خطاب میں کہا نوازشریف کو ہٹانے کے چکر میں ریاست کو ہلا کر رکھ دیا گیا، مہربانی کریں ملک کو چلنے دیں سیاست کو چلنے دیں، مارا ماری پکڑا پکڑی بند کریں۔

خواجہ سعدرفیق مزید بولے پی ٹی آئی کی بےوقوفیوں اور نالائقیوں کا فائدہ کےپی میں فضل الرحمن کو ہوا، پنجاب میں نون لیگ کو ہوگا۔

انہوں نے کہا اس ملک میں ہر وزیراعظم کی تذلیل ہوئی، مسلم لیگ ن نے عدلیہ کی آزادی کی جنگ لڑی لیکن پھر بھی انصاف نہیں ملا۔ ملک میں طاقتور وزیراعظم کو قبول نہیں کیا جاتا، ہم کیسے غدار اور بھارتی ایجنٹ ہیں، جنہیں عوام جھولیاں بھر کے ووٹ دیتی ہے۔