Thursday, April 25, 2024

پی ٹی آئی نے صدارتی الیکشن کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی سے حمایت مانگ لی

پی ٹی آئی نے صدارتی الیکشن کیلئے بلوچستان عوامی پارٹی  سے حمایت  مانگ لی
August 29, 2018
کوئٹہ ( 92 نیوز) صدارتی الیکشن کیلئے نمبرزگیم پوری کرنے کیلئے جہانگیر ترین نے کمان سنبھال لی  ،  پاکستان تحریک انصاف کاوفد کوئٹہ پہنچا  اور بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے وفد میں صدارتی امیدوار عارف علوی ،وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری بھی جہانگیر ترین کے ہمراہ تھے۔ پی ٹی آئی وفد نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں میر جام کمال سے ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کا حصہ ہیں اور صدارتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے عارف علوی کی حمایت کی جائے گی۔ ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نامزد کئے جانے پر عمران خان کے شکر گزار ہوں ، انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے تاہم جمہوریت کا حسن یہی ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقات کی جائے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند کی دعوت پر کوئٹہ میں ہی موجود ہیں ، پی ٹی آئی کا وفد بلوچستان نیشنل پارٹی،عوامی نیشنل پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کرے گا۔