Friday, April 26, 2024

پی ٹی آئی نے 13 چینلز کو 5‘ 5 لاکھ جرمانے پر تحفظات کا اظہار کر دیا

پی ٹی آئی نے 13 چینلز کو 5‘ 5 لاکھ جرمانے پر تحفظات کا اظہار کر دیا
August 31, 2016
اسلام آباد (92نیوز) 13 چینلز کو 5، 5 لاکھ روپے کے جرمانے پر تحریک انصاف نے تحفظات کا اظہار کر دیا۔ پی ٹی آئی نے چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو خط میں کہا ہے کہ ایک چینل کے سوا باقی سب چینلزکےخلاف شکایت واپس لے لی تھی۔ پھرسب کو جرمانے کیوں کئے گئے؟ فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی تیسری شادی کی خبر چلانے پر تحریک انصاف نے ٹی وی چینلز کےخلاف کارروائی کےلئے چیئرمین پیمرا کو درخواست دی تو چیئرمین نے معاملہ شکایات کونسل کو بھجوا دیا تاہم 26 اگست کو تحریک انصاف نے شکایات کونسل کے اجلاس میں تحریری درخواست کے ذریعے ایک چینل کے سوا باقی تمام کےخلاف درخواست واپس لے لی۔ اس کے باوجود پیمرا نے 13 چینلز کو 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا۔ پیمرا کے اس فیصلے پر تحریک انصاف کے تحفظات سامنے آگئے ہیں۔ پی ٹی آئی مرکزی میڈیا سیل کے سربراہ افتخار درانی نے چیئرمین پیمرا ابصار عالم کو ایک خط لکھا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 26 اگست کو سماعت میں تحریک انصاف نے صرف ایک چینل کے علاوہ باقی تمام چینلز کے خلاف شکایت واپس لے لی تھی۔ پیمرا شکایات کونسل کو بھی باضابطہ آگاہ کردیا تھا لیکن ہماری درخواست کو نظر انداز کیا گیا۔ تمام چینلز کو ایک ہی جیسی سزا کے پیچھے بادی النظر میں کئی سیاسی عوامل کارفرما ہیں۔ تحریک انصاف نے خط میں واضح کیا ہے کہ پیمرا سے رجوع کا مقصد کسی چینل کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں بلکہ اخلاقی و قانونی اقدار کی پاسداری تھا۔ خط میں چیئرمین پیمرا سے درخواست کی گئی ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔