Saturday, May 11, 2024

پی ٹی آئی نظریے کی بنیاد پر چاروں صوبوں کی جماعت ہے، شبلی فراز

پی ٹی آئی نظریے کی بنیاد پر چاروں صوبوں کی جماعت ہے، شبلی فراز
March 7, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کہتے ہیں کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ایک صوبوں تک محدود، پی ٹی آئی اپنے نظریے کی وجہ سے چاروں صوبوں کی جماعت ہے۔ 

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ایک سیٹ کیلئے انہوں نے پیسے کا استعمال کیا، عمران خان نے اعتماد کا ووٹ لے کر انکو جواب دے دیا، وزیراعظم کا محور اب غریب عوام اور معیشت ہوگی۔

انہوں نے کہا، وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اخلاقیات پر مبنی سیاست کی، وہ ان قوتوں کے ساتھ جنگ لڑرہے ہیں جنہوں نے ملک کی اخلاقیات کو تباہ و برباد کیا۔ یہ وہ گروہ ہے جس نے پاکستان کے ہر ادارے کو تباہ کیا۔

اُن کا کہنا تھا، ان کی حکومتوں میں ملک معاشی،اخلاقی اور جمہوری طور پر کنگال ہوا، کیسے وہ اپنے مفادات کے خلاف قانون سازی کریں گے۔ پاکستان،یورپ اور دیگر ممالک میں اربوں روپے کی جائیدادیں بنائیں۔ ن لیگ اور ان کے حواریوں کی کرپشن کی داستانیں ہر زدوعام پر ہیں۔ کاروبار کیلئے سیاست کو استعمال کیا گیا۔

شبلی فراز بولے کہ، تحریک انصاف قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے، ہمارا لیڈر اپنے نظریے پر قائم ہے۔ ان کے مفادات اور بیانیہ تبدیل ہوتا رہتا ہے، کل پریس کانفرنس میں ان کے چہرے لٹکے ہوئے تھے، یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے ووٹ کو ضائع کرنے کے طریقے بتا رہے تھے۔ وہ  پیسہ جو ان کے پاس ہے آپ کو دے دیا جائے تو آپ بھی بھاری ہو جائیں گے۔ پیسے اور دھونس کی سیاست پر ان کا انحصار ہے۔

انہوں نے کہا، یہ اقتدار میں اس لیے آنا چاہتے ہیں کہ دوبارہ سے کاروبار شروع کریں گے اور کرپشن کیسز پر ان کو ریلیف مل جائے، عمران خان دباؤ میں آتا ہے اور نہ کسی سے مرعوب ہوتا ہے۔ ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو ہم نے نہیں چھوڑنا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ معیشت دوبارہ چل پڑی ہے، وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے بعد تازہ ہوا کا جھونکا ملا ہے، آنے والے دن استحکام کے دن ہوں گے، مہنگائی پر عمران خان نے جہاد کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے راستے پر گامزن ہیں۔